والیں سیا،26؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)ہندوستان کی جونیئر خواتین ٹیم نے یہاں چل رہے پانچ ممالک کے ہاکی ٹورنامنٹ میں میزبان اسپین کو 3.2سے شکست دی۔میزبان ٹیم نے 15ویں منٹ میں کلارا وایکارٹ کے گول سے برتری حاصل کر لی تھی لیکن ہندوستان نے جلد ہی 28ویں منٹ میں نور کے گول سے برابری حاصل کر اسکور 1.1کر لیا جو پہلے ہاف تک قائم رہا۔دوسرے ہاف میں ہندوستان نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ اور ریتو نے 42ویں منٹ میں پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کرکے ٹیم کو آگے کر دیا۔لیکن یہ خوشی زیادہ دیر تک نہیں رہ سکی کیونکہ اسپین کو دو منٹ بعد ہی سٹروک ملا جس پر کلارا نے کوئی غلطی نہیں کی اور اسکور 2 2 سے برابری پر آ گیا۔دونوں ٹیموں نے مڈفیلڈ پر ایک دوسرے کو پست کرنے کی کوشش کی لیکن موقعوں کے باوجود دونوں اگلے 20منٹ تک گول نہیں کر سکیں۔میچ کے آخری 10منٹ میں ہندوستان نے اپنے کھیل کو بہتر کیا اور اسے 62ویں منٹ میں فائدہ ملا۔سنگیتا کماری کے گول سے ہندوستان کو برتری ملی اور یہ گول فاتح ثابت ہوا۔ہندوستانی خاتون جونیئر ٹیم اب 27اکتوبر کو جرمنی سے بھڑے گی۔